ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈیمڈ یونیورسٹیوں میں کرناٹک کے طلباء کو 50 فیصد ریزرویشن آئندہ دنوں میں میڈیکل ایجوکیشن کے شعبہ میں نئے تجربے کئے جائیں گے : ڈی کے شیوکمار

ڈیمڈ یونیورسٹیوں میں کرناٹک کے طلباء کو 50 فیصد ریزرویشن آئندہ دنوں میں میڈیکل ایجوکیشن کے شعبہ میں نئے تجربے کئے جائیں گے : ڈی کے شیوکمار

Mon, 16 Jul 2018 10:49:38    S.O. News Service

بنگلورو،16؍جولائی (ایس او  نیوز) کرناٹک کے باشندوں کو میڈیکل کی تعلیم میں ریزرویشن فراہم کرنے کی غرض سے اگلے سال سے نیا قانون نافذ کیا جائے گا ۔ وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈی کے شیوکمار نے یہ بات بتائی ۔

گزشتہ روزانڈین میڈیکل اسوسی ایشن کرناٹک یونٹ کے زیر اہتمام شہر میں منعقدہ یوم ڈاکٹرس تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ کرناٹک میں میڈیکل ایجوکیشن کے کئی کالجس ہیں لیکن ان کالجوں کی سیٹیں دیگر ریاستوں کے طلباء کے حصہ میں چلی جارہی ہیں اس لئے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے ڈیمڈ یونیورسٹیوں میں کرناٹک کے طلباء کیلئے سیٹیں مختص کرنے کے متعلق مرکز سے منظوری حاصل کی گئی ہے ۔ اس کے تحت ڈیمڈ یونیورسٹیوں کے پی جی کورسز میں طلباء کو 50 فیصد اور یو جی کورسز میں 25فیصد سیٹیں مختص کرنے کے متعلق اگلے سال سے قانون نافذ کیا جائے گا ۔ اس قانون کو اس سے قبل ہی نافذکردیا جانا چاہئے تھا لیکن چند تکنیکی وجوہات کے سبب اس میں تاخیر ہوئی ہے لیکن 2019-20 کے تعلیمی سال سے یہ قانون نافذ ہوگا ۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں میڈیکل کی تعلیم میں چند ایک تجربے کرنے اور کئی منصوبے جاری کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت کے زیر غور ہے ۔ جن میں ایس ایس ایل سی مکمل کرنے والے طلباء کیلئے ایک سالہ پیرامیڈیکل کورس یا نرسنگ کورس شروع کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔انہوں نے بتایاکہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں کو لازمی طور پر ایک سال تک دیہی علاقوں میں خدمت انجام دینے کا جو قانون بنایا گیا ہے اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت قانون نافذ کیا جائے گا ۔ اس کے لئے دیگر ریاستوں کے قوانین کا مطالعہ کیا جارہا ہے ۔

اس موقع پر انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کرناٹک یونٹ کے صدر ڈاکٹر ایچ این رویندرا نے بتایا کہ آروگیہ کرناٹک اسکیم جلد بازی میں نافذ کیا گیا ہے ۔ کئی افراد کوآروگیہ کارڈ کے متعلق معلومات حاصل نہیں ہیں اس لئے مزید ایک سال تک حکومت کی یشسونی اسکیم کو جاری رکھنا ہوگا ۔ 


Share: